ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رافیل میں نئے انکشاف : راہل گاندھی نے مودی کو نشانہ بنایا

رافیل میں نئے انکشاف : راہل گاندھی نے مودی کو نشانہ بنایا

Fri, 28 Sep 2018 14:18:18    S.O. News Service

نئی دہلی،28؍ستمبر (ایس او نیوز؍ یو این آئی) کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے رافیل سودے کے بارے میں میڈیا میں ہونے والے حالیہ انکشافات کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی پر جمعرات کو شدید حملہ کیا اور کہا کہ جس افسر نے اس سودے میں گڑبڑ کو لے کر سوال اٹھائے تھے اسے سزا ملی تھی اور ہاں میں ہاں ملانے والے افسر کو شاباشی دی گئی تھی۔ کانگریس صدر نے تک بندی کرتے ہوئے رافیل سے منسلک پورے معاملے پر سوال اٹھائے اور مسٹر مودی اور امبانی کا نام لئے بغیر طنز کرتے ہوئے کہا کہ دھنناسیٹھوں کے لئے وزیر اعظم نے پورے سودے کو بدلا اور جس افسر نے غلط فیصلے کو روکنے کی کوشش کی اس سزا دی گئی۔ مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیا ''مودی امبانی کا دیکھو کھیل / ایچ اے ایل سے چھین لیا رافیل / دھنناسیٹھوں کی کیسی بھکتی؍گھٹا دی سیناکی شکتی ؍ جس افسر نے چوری سے روکا / ٹھگوں کے سردار نے اس کو ٹھوکا / پٹھوں کو ملی شاباشی / سیٹھوں نے اڑتی چڑیا پھانسی / جن جن میں پھیل رہی ہے سنسی / مل کرروکیں گے لٹیروں کی کمپنی۔اس کے ساتھ ہی مسٹر گاندھی نے اس سودے میں نئے انکشاف کے ساتھ شائع ایک اخبار کی وہ خبر بھی پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس افسر نے جب رافیل سودے پر وزارت دفاع میں تعینات جوائنٹ سکریٹری سے سوال اٹھائے تو اس کی دلیل کو مسترد کر کے نئے افسرکو اس کا کام سونپا گیا اور اب اسے پروموشن مل چکا ہے ۔ دریں اثنا کانگریس کے سینئر ترجمان اور سابق مرکزی وزیر جے پال ریڈی نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ خصوصی پریس کانفرنس میں رافیل سودے پر سوال اٹھانے والے وزارت دفاع کے افسروں کے نام کا انکشاف کیا اور کہا کہ حکومت کے سودے پر سوال اٹھانے والے جوائنٹ سکریٹری راجیو ورما کی وجہ سے اس سلسلے میں بننے والے کابینہ نوٹ بھی تیار کرنے میں تاخیر ہوئی تھی۔ مرکزی حکومت کے اس سینئر افسر نے جب سودے کے بارے میں اعتراض کیا تو ان کی بات کو نظر انداز کیا گیا اور ان سے جونیئر افسر سمیتا ناگراج کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ۔اس نے حکومت کے منشا کے مطابق کام کیا۔ مودی حکومت کا کمال دیکھئے کہ جس افسر نے سودے پر سوال اٹھائے اور نامناسب کام پر اپنا اعتراض درج کرایا اس کی بات کو نظر انداز کیا گیا اور اسے لمبی چھٹی پر بھیج دیا گیا لیکن جس نے حکومت کاحاشیہ بردار بن کر کام کیا اسے ترقی دی گئی ہے ۔


Share: